فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں گزشتہ رات تھانہ لُنڈیانوالہ پولیس کی حراست میں جاں بحق ہونے والے شہری کے قتل کا مقدمہ تھانیدار سمیت 5 پولیس اہلکاروں کے خلاف درج کر لیا گیا۔
تھانہ لُنڈیانوالہ کی چوکی بچیانہ پولیس کی جانب سے گزشتہ رات ٹرک ڈرائیور غلام مرتضی کو لڑکی کو اغواء کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔ جو پولیس حراست میں ہی دم توڑ گیا۔ غلام مرتضی کے ورثاء کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے غلام مرتضی کو بے بنیاد الزام لگا کر حراست میں لیتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور موت کے گھاٹ اُتار دیا گیا۔
ورثاء کی جانب سے پولیس کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا تاہم پولیس نے لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا اور تھانہ لنڈیانوالہ کے ایس ایچ او عبدالجبار سمیت 5 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ کا اندراج کرتے ہوئے قانونی کاروائی شروع کردی ہے۔