کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے نیو کراچی اور سرجانی ٹاؤن میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان نے دو سو وارداتوں کا اعتراف کیا، رینجرز نے اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔
کراچی میں دھڑلے سے اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کرنے والے ملزمان سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے پکڑ میں آنے لگے۔ رینجرز نے اسٹریٹ کرمنلز کیخلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے سرجانی ٹاؤن اور نیو کراچی سے دو ملزمان کو دھر لیا۔ ملزمان اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔
27ستمبر کو نارتھ کراچی میں 3 نوجوان بیٹھے تھے کہ موٹر سائیکل پر ملزم انیس اور سلمان آئے۔ ایک بائیک پر بیٹھا رہا جبکہ دوسرے نے پستول لوڈ کر کے نوجوانوں پر رکھ دی، سب کو موبائل فون اور نقدی سے محروم کر کے کرمنلز فرار ہو گئے لیکن قریب لگے کیمروں نے سب محفوظ کر لیا۔
رینجرز نے سی سی ٹی وی کی مدد سے کارروائی کی اور دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان نے ڈکیتی کی دو سو سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے اور کرمنلز سے اسلحہ، ایمونیشن اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا ہے۔