راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کے علاقے ولایت کالونی میں گیارہ سالہ گھریلو ملازمہ کنزہ پر تشدد کرنے والے ملزم محسن ریاض کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
تھانہ ایئرپورٹ کے علاقے ولایت کالونی میں ملزم محسن ریاض اور اس کے اہلیہ عمارہ نے 11 سالہ گھریلو ملازمہ کنزہ پر تشدد کر کے اس کو شدید زخمی کر دیا تھا جس کے بعد ایئرپورٹ پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔
ملزم محسن ریاض نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کی تھی تاہم ملزم نے اپنی عبوری ضمانت واپس لے لی ہے جس کے بعد ایئرپورٹ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ملزم کو جسمانی ریمانڈ کے لیے کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ملزم کی اہلیہ عمارہ ابھی تک روپوش ہے جس کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔