راولپنڈی میں منشیات فروشی کا دھندا عروج پر، پولیس بے بس

Last Updated On 20 November,2018 03:51 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہر راولپنڈی میں منشیات فروشی کا دھندا عروج پر پہنچ گیا۔ پولیس منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی میں بےبس نظر آنے لگی۔

راولپنڈی میں منشیات فروشوں نے ڈیرے لگا لئے، نوجوانوں میں منشیات کا استعمال عام، گلی گلی دھندہ عروج پر پہنچ گیا۔ پولیس زبانی جمع خرچ پر گزارہ کرنے لگی۔

شہر میں نشئی کھلے عام چرس، ہیروئن اور دیگر نشہ آور اشیا کا استعمال کرتے نظر آتے ہیں تو منشیات کے حصول میں بھی انہیں کوئی دشواری نہیں۔ عوام کہتے ہیں نشیات مافیا نے شہر میں پنجے گاڑھ رکھے ہیں، کوئی روکنے والا ہے نہ پوچھنے والا۔ تھانہ رتہ امرال، گنجمنڈی، پیرودہائی، ویسٹرج اور صادق آباد سمیت کئی علاقوں میں منشیات کی فروخت عام ہو گئی، نشئی کہتے ہیں پولیس دھندے میں برابر کی شریک ہے۔

اس صورتحال میں بھی پولیس حکام نے یہ کہہ کر خود کو بری الذمہ قرار د ے دیا کہ شکایت ملے تو کارروائی کرتے ہیں۔ شہریوں نے اعلی حکام سے اپیل کی ہے کہ شہر میں منشیات مافیا کے خلاف فوری طور پر کارروائی کی جائے اور گھناونے کاروبار میں ملوث پولیس کی کالی بھیڑوں کو بھی کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔