ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی کارروائی، کامونکی سے گینگ گرفتار

Last Updated On 20 November,2018 07:43 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی کامونکی میں بڑی کارروائی، انٹرنیشنل فراڈ گینگ کے سات ملزمان گرفتار، ملزمان دھوکہ دہی سے معلومات لے کر بینک اکائونٹس سے رقم نکلواتے تھے۔

ایف آئی اے گوجرانوالہ سائبر کرائم ونگ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف اقبال کے مطابق کامونکی سے انٹرنیشنل فراڈ گینگ کے سات ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان ٹیلی فون پر دھوکہ دہی سے معلومات لیکر بینک فراڈ ، انعامی اسکیم اور لاٹری کا جھانسہ دیکر شہریوں سے فراڈ میں ملوث ہیں۔

ملزمان نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت، دبئی اور سعودی عرب میں مقیم افراد سے بھی ٹیلیفون پر فراڈ کرتے تھے۔ ملزمان اردو، ہندی، سکھ پنجابی اور عربی زبان بولنا بھی جانتے ہیں۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف اقبال کے مطابق گرفتار ملزمان میں سے چھ کا تعلق گوجرانوالہ کے علاقہ تتلے عالی اور ایک کا شیخوپورہ سے ہے۔ ملزمان کی نشاندہی پر گروہ کے چار مزید افراد کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔