اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے موبائل فون کمپنی کا نمائندہ بن کر عوام کو لوٹنے والے گروہ کے ایک کارندے کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق سائبر کرائم ونگ نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم یامین کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ شکایت کنندہ سے پیسے وصول کرنے آیا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق خانیوال کے رہائشی یامین اور اس کے گروہ کے دیگر ارکان خود کو نجی موبائل فون کمپنی کا نمائندہ ظاہر کرتے تھے اور سادہ لوح عوام کو جعلی انعامی سکمیوں کا لالچ دیکر رقم بٹورتے تھے۔
ملزم کے موبائل فون سے جعلی انعامی سکیموں کے اشتہار حاصل کر لیے گئے ہیں۔ دوران تفتیش ملزم نے جرم کا اعتراف کیا اور بتایا کہ اس کے گروہ کے دیگر ارکان پورے پنجاب میں سرگرم ہیں۔
ملزم یامین کے خلاف الیکٹرانک کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دیکر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔