چینی مردوں نے غریب خاندانوں کی 5 نوعمر لڑکیوں سے شادیاں رچا لیں

Last Updated On 06 May,2019 09:04 am

منڈی بہاؤالدین: (دنیا نیوز) چینی مردوں نے لاہور کے میرج بیورو کے ساتھ مل کر منڈی بہاوالدین میں نوعمر غریب خاندان کی لڑکیوں سے پانچ شادیاں رچا لیں، ڈی پی او ناصر سیال نے معاملہ کا نوٹس لے لیا اور ایک چینی شہری کی سفری دستاویزات تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں، میرج بیورو کی خاتون نے تفصیلات دینے سے انکار کر دیا۔

منڈی بہاءالدین ضلع میں چینی باشندوں کی جانب سے پانچ انتہائی غریب خاندانوں سے تعلق رکھنے والی نوعمر لڑکیوں کے ساتھ خود کو مسلمان ہونے کا سرٹیفیکیٹ دکھا کر شادی کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔

چائینز افراد کی جانب سے لاہور کی میرج بیورو کے ذریعے یہ شادیاں کی گئی ہیں، شادیاں کرنے والوں میں دو لڑکیوں کا تعلق پھالیہ سٹی اور تین کا تعلق منڈی بہاوالدین شہر سے ہے۔

گذشتہ رات پولیس اور حساس اداروں کی جانب سے محلہ گوڑھا میں کارروائی کی گئی جہاں ایک چائینز کی جانب سے دس روز قبل اپنا مذہب تبدیل کرکے ایک آٹھویں پاس انتہائی غریب لڑکی جو کہ آٹھ بہنوں اور دو چھوٹے بھائیوں میں دوسرے نمبر پر ہے، سے شادی کرنے کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دیں اور چائینز کی سفری دستاویزات تحویل میں لیکر انکے گھر پر پولیس اہلکار تعینات کر دیئے ہیں، چائینز کے ساتھ لاہور کے ایک میرج بیورو کی خاتون بھی ہمراہ ہے۔

ڈی پی او ناصر سیال نے کہا ہے اس معاملے کو قانونی پہلووں سے دیکھ رہے ہیں، یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ چائنیز مردوں نے پوش خواتین کی بجائے انتہائی غریب خاندان سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کو شادی کیلئے منتخب کیا ہے اور میرج بیورو کی جانب سے اب تک ہونے والی پانچ شادیوں کا انعقاد لاہور میں کیا گیا ہے۔