اشتہاری 70 ہزار سے تجاوز کر گئے،کئی کالعدم تنظیموں میں شامل

Last Updated On 09 May,2019 10:53 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) پنجاب پولیس کو مطلوب سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزمان کی تعداد 70 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ پولیس کے اعلیٰ حکام نے دہشتگردی، قتل، اقدام قتل اور اغوا جیسے سنگین مقدمات میں ملوث ٹاپ ٹین اشتہاری ملزمان کی فہرستیں از سر نو تیار کرلیں

فہرست کے مطابق گوجرانوالہ میں اشتہاری ملزمان کی تعداد 3 ہزار، فیصل آباد میں 2 ہزار سے زائد ہے۔ یہ تعداد شیخوپورہ میں ایک ہزار 2 سو اور لاہور میں 8 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق اشتہاریوں کی بڑی تعداد نے کالعدم جماعتوں میں شمولیت اختیار کر لی ہے جبکہ ناقص تفتیش کے باعث ہزاروں اشتہاری بیرون ملک فرار ہو چکے ہیں۔

پنجاب پولیس نے اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے ڈیٹا سی ٹی ڈی سے شیئر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز نے خصوصی گفتگو میں کہا کہ اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے مہم چلانے کی ہدایت کر دی ہے۔ پنجاب کے ٹاپ 20 اشتہاری ملزمان کی فہرستیں فوری تیار کی جائیں گی۔