سرگودھا: انکروچمنٹ عملے کے مبینہ تشدد سے نوجوان جاں بحق

Last Updated On 01 August,2019 07:46 am

سرگودھا: (دنیا نیوز) سرگودھا کے علاقے ریلوے روڈ پر بلدیہ کے انکروچمنٹ عملے کے مبینہ تشدد سے نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا۔

دنیا نیوز کے مطابق ریلوے روڈ پر بلدیہ کے انکروچمنٹ عملے کے مبینہ تشدد سے عبد ﷲ نامی نوجوان چل بسا، بلدیہ سرگودھا کے اہلکاروں کی تجاوزات آپریشن کے دوران دکاندار سے ہاتھا پائی ہوئی تھی، جاں بحق دکاندار گاڑیوں کے بمپر مرمت کرنے کا کام کرتا تھا۔

 

دکانداروں نے الزام لگایا کہ عبدﷲ کی موت میونسپل کارپوریشن کے عملہ انکروچمنٹ کی جانب سے سر میں کرسی مارنے سے ہوئی۔

 

نوجوان کی ہلاکت کے بعد بلدیہ کا عملہ فرار ہو گیا جبکہ لواحقین اور ریلوے روڈ کے تاجروں نے احتجاج کیا اور ہڑتال کی۔ ریلوے روڈ سے ملحقہ تمام مارکیٹیں بند رہیں، تاجروں کی بڑی تعداد نے احتجاج میں حصہ لیا۔ ورثاء کی طرف سے لاش خیام چوک میں رکھ کر دھرنا بھی دیا گیا۔ احتجاج سے یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک بلاک ہو گئی۔

خبر ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، احتجاجی مظاہرین نے بلدیہ کے افسران اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کر دیا۔


 

Advertisement