دادو: (دنیا نیوز) صوبہ سندھ کے ضلع دادو کی تحصیل خیر پور ناتھن شاہ میں خون سفید ہو گیا، بد بخت بیٹے نے نافرمانی کی ساریں حدیں عبور کر لیں، بیٹے نے اپنی ہی ماں کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔
دنیا نیوز کے مطابق سندھ کے ضلع دادو کی تحصیل خیر پور ناتھن شاہ کے نواحی علاقے سیتا روڈ میں نافرمان بیٹے نے اپنے ہی ماں پر فائرنگ کی اور گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔ 50 سالہ ارباب خاتون کھوسو کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس خیر پور ناتھن شاہ نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم جبار کھوسو کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی دادو کے مطابق بیٹے کا ماں پر فائرنگ کا یہ واقعہ گھریلو تنازع کا لگتا ہے، اس معاملے پر تفتیش جاری ہے۔