راولپنڈی: (روزنامہ دنیا) انسداد دہشتگردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم ابتسام المصطفیٰ کو مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر 30 سال قید اور ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانے کی سزائیں سنا دیں۔
مجرم کے خلاف ایف آئی اے کو فیس بک پر مذہبی منافرت کا مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا تھا۔ علاوہ ازیں ضلعی عدالتوں نے مختلف مقدمات میں 6 مجرموں کو قید، جرمانہ اور پروبیشن کی سزائیں سناتے ہوئے 1 ملزم بری کردیا۔
9 ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظور جبکہ 13 کو جوڈیشنل کر دیا گیا۔ 12 ملزمان کی ضمانت منظور اور 2 کی درخواستیں خارج کر دی گئیں۔
ادھر ایڈیشنل سیشن جج راولپنڈی مسعود احمد وڑائچ نے طالبہ سے اجتماعی زیادتی کے مقدمہ کی سماعت کے دوران ملزمان 4 پولیس اہلکاروں راشد وغیرہ کی پیشی کے بعد مزید کارروائی کیلئے 30 ستمبر تک ملتوی کردی۔