کندھ کوٹ: (دنیا نیوز) اندرون سندھ میں دہشت کی علامت بنے بدنام ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیئے، 50 سے زائد ڈاکوؤں نے جنگل کی دنیا کو چھوڑ کر خود کو رینجرز کے حوالے کیا۔
دنیا نیوز کے مطابق سندھ میں خوف کی علامت سمجھے جانے والے بدنام ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیئے ہیں، 50 کے قریب ڈاکوؤں نے خود کو شہباز رینجرز کے حوالے کیا، اس ہتھیار ڈالنے والوں کے لیے تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں رینجرز کمانڈنٹ ساجد علی، ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان بلوچ، ڈپٹی کمشنر منور علی مٹہیانی سمیت دیگر نے شرکت کی۔
جن ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈالے ان کا تعلق چولیانی، سندرانی، اوگاہی، تیغانی ، سبزوئی، نندوانی اور دیگر قبائل سے ہے، مذکورہ افراد نے اسلحہ، رائفل، کلاشنکوفیں اور دیگر اسلحہ پیش کیا۔
سیکٹر کمانڈنٹ شہباز رینجرز نے ملزمان کو قومی پرچم سندھی ٹوپی اور اجرک پیش کیا، قومی دھارے میں پیش ہونے والوں کو مکمل قانونی معاونت و تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔