کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں سٹریٹ کرائم کا جن بےقابو ہونے لگا، ڈاکوؤں نے شہری سے موبائل فون چھیننے کیلئے گولیاں چلا دیں، دوسری جانب نارتھ کراچی میں لوٹ مار کرنے والا ڈاکو شہریوں کی ہتھے چڑھ گیا، عوام نے درگت بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔
کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں شہری سے ڈکیتی، ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ بھی کی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی، فوٹیج میں دونوں ڈاکوؤں کے چہرے واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں، شہری نے واردات کے مقدمے کیلئےتھانے میں درخواست جمع کرا دی۔
دوسری جانب نارتھ کراچی میں ڈاکو لوٹ مار کے ارادے سے علاقے میں شکار کی تلاش میں تھا کہ علاقہ مکینوں نے شک پڑنے پر پوچھ گچھ کی تو ڈاکو گھبرا گیا، شہریوں نے تسلی نہ ہونے پر ڈٓاکو کو قابو کر لیا، تشدد کے دوران پتہ چلا کہ واردات کی نیت سے علاقے میں گھسا تھا جس پر شہریوں نے خوب دل کی بھڑاس نکالی اور بعد ازاں پولیس کے حوالے کر دیا۔ گرفتار ملزم سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔