کراچی: لانڈھی کے قریب فائرنگ میں ایک شخص زخمی، حساس ادارے کا اہلکار حادثے میں جاں بحق

Last Updated On 20 December,2019 03:20 pm

کراچی: (دنیا نیوز) رات گئے کراچی کے علاقے گلشن معمار خادم گوٹھ کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثے میں حساس ادارے کا اہلکار جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔ جاں بحق اور زخمی اہلکاروں کو نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دوسری جانب لانڈھی کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔

کراچی کے علاقے گلشن معمار خادم گوٹھ کے قریب نامعلوم گاڑی اور موٹر سائیکل کی ٹکر کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق اور زخمی شخص دونوں حساس ادارے کے اہلکار ہیں جبکہ جاں بحق شخص کی شناخت انور اور زخمی کی حق نواز کے نام سے ہوئی۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق اہلکار کی لاش اور زخمی دونوں اہلکاروں کو نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم زخمی کا علاج جاری ہے۔

پولیس کے مطابق حادثے کے وقت دونوں اہلکار موٹرسائیکل پر سوار تھے جبکہ جاں بحق اور زخمی اہلکار جامعہ کراچی میں تعینات تھے۔

دوسری جانب لانڈھی بھینس کالونی عالمگیر گرائونڈ کے قریب آپسی جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ زخمی شخص کو علاج کے غرض سے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی شخص کی شناخت آصف ولد عبدالغفار کے نام سے ہوئی ہے۔