لاہور: (دنیا نیوز) شہری کو سرعام تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم کو عدالت نے راضی نامہ کی بنیاد پر 2 لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شہباز حسن رانا نے کینٹ کچہری میں کیولری گراؤنڈ میں شہری پر سرعام تشدد کرنے کے کیس کی سماعت کی۔ شہری کو تھپڑ اور ٹھڈے مارنے والے ملزم عقیل مرزا کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
مدعی گل شان شہزاد نے عدالت میں معافی نامہ کا بیان حلفی جمع کرایا جس کے بعد ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیدیا گیا۔ مدعی نے عدالت میں بیان حلفی دیا کہ مجھے جان سے مارنے کی دھمکی نہیں دی گئی، مجھ پر تشدد کیا گیا جس پر میں نے ملزم کو معاف کر دیا ہے۔
سرکاری وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ تشدد کا واقعہ کیولری گراؤنڈ کے قریب پیش آیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملزم سے وقوعہ میں استعمال ہونے والا پستول برآمد کر لیا گیا ہے، لہذا اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کے احکامات دیے جائیں۔
تاہم عدالت نے مدعی کے بیان حلفی کی روشنی میں ملزم کو 2 لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم سنا دیا۔