لاہور: (دنیا نیوز) آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے نیو ائیر نائٹ پر قانون شکنی کرنے والے نوجوانوں کے خلاف فوری ایکشن کیلئے حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
انہوں نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ہلڑ بازی، ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ عادی ملزمان کے والدین سے قانون کی پاسداری کو یقینی بنانے کے حوالے سے شورٹی بانڈز لئے جائیں۔
آئی جی پنجاب کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ شراب فروشوں بالخصوص آئس اور دیگر منشیات کی خریدوفروخت اور استعمال میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جائے۔ ڈولفن اور پیرو سمیت دیگر پٹرولنگ فورس کے گشت کے ذریعے مانیٹرنگ اور نگرانی کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے۔
اس کے علاوہ حساس مقامات اور اہم شاہراہوں پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سینئر افسران خود فیلڈ میں رہیں۔ مال روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر ٹریفک کے ہموار بہاؤ کو برقرار رکھنے کیلئے اضافی نفری تعینات کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون شکنی کے مرتکب افراد کے مقام اور رتبے کا لحاظ کئے بغیر سخت کارروائی میں ہرگز تاخیر نہ کی جائے۔ ساؤنڈ سسٹم ایکٹ 2015ء کی پاسداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ والدین بھی اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور انہیں خلاف قانون کسی سرگرمی کا حصہ ہرگز نہ بننے دیں۔ نیو ائیر نائٹ پر قانون شکنوں کے خلاف کارروائیوں اور درج مقدمات کی تفصیل یکم جنوری تک سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائے۔ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر اے آئی جی آپریشنز نے سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو مراسلہ بھجوا دیا ہے۔