کراچی: (دنیا نیوز) ٹریفک پولیس اہلکار پر تشدد کرنے والے چینی شہری کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے قیوم آباد میں نو پارکنگ پر کھڑی چینی باشندے کی گاڑی اٹھانا ٹریفک پولیس کو بھاری پڑ گئی تھی، چینی باشندہ ‘’بروس لی’’ بن گیا اور اہلکار کو مار مار کر ادھ موا کر دیا، ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔ اس چینی شہری کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
عدالت نے چینی ملزم کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا، اس دوران سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم نے ڈیوٹی پر مامور ٹریفک پولیس اہلکار عامر کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
سرکاری وکیل لیاقت رانا کا کہنا تھا کہ ملزم کو نو پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے پر منع کیا گیا تھا، ملزم بزنس ویزے پر پاکستان آیا ہوا ہے۔