اعظم وردک: (دنیا نیوز) جنوبی وزیرستان میں زمین کے تنازع پر دو فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہو گئے۔
جنوبی وزیرستان کے علاقہ اعظم وردک میں دو فریقین کے درمیان زمینی تنازعہ شدت اختیار کرگیا۔ دونوں جانب سے فائرنگ کی گئی، گولیاں لگنے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔
اہل علاقہ کے مطابق فریقین کے درمیان طویل عرصہ سے زمینی تنازع چلا آرہا تھا، کئی بار انتظامیہ اور پولیس کو مداخلت کی اپیل بھی کی گئی مگر مسئلہ کو سنجیدہ نہیں لیا گیا جو آج شدت اختیار کر گیا۔
فائرنگ میں کالوں خان قبیلے کے چار جبکہ گڈو خان قبیلے کا ایک شخص جاں بحق ہوا۔ پولیس کی نفری تاحال جائے وقوعہ پر نہیں پہنچ سکی۔ ایف سی کے دستے جائے وقوعہ کی طرف روانہ کردیئے گئے ہیں جبکہ دیگر قبائلیوں کا جرگہ کے ذریعہ فائرنگ بند کرنے کے کوشش بھی جاری ہیں۔ جاں بحق اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وانا منتقل کر دیا گیا۔