ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں گزشتہ سال بھی زیر التوا مقدمات کی تعداد کم نہ ہو سکی، ضلع کچہری میں گزشتہ 10 سال کے دوران ہزاروں کی تعداد میں مقدمات کا التوا سائلین کیلئے درد سر بنا ہوا ہے۔
ملتان کی ضلعی عدالتوں میں اس وقت زیر التوا مقدمات کی تعداد 52 ہزار 5 سو 89 ہے جن میں سے طلاق کے ساڑھے چھے ہزار کیسز بچوں کی حوالگی کے 1 ہزار 604 اور جان نشینی کے 6 سو کیسز تاخیر کا شکار ہیں جبکہ گزشتہ دس سال سے ضلع کچہری میں ہزاروں مقدمات کا التوا اب معمول بن چکا ہے جس سے سائلین مشکلات سے دوچار ہیں۔
ضلع کچہری میں ماڈل کورٹس کا قیام بھی زیر التوا مقدمات کی تعداد میں کمی نہ لا سکا، سال 2018 اور سال 2019 میں 50 ہزار سے زائد مقدمات التوا کا شکار رہے تاہم وکلا کی ہڑتالیں اور ججز کی کمی بھی مقدمات کے فیصلوں میں تاخیر کی بڑی وجہ رہا ہے۔
ضلع کچہری میں انصاف کی فریاد لئے دور دراز سے آئے سائلین وکلا کی فیس ادا کر کے کیس کی اگلی پیشی لیکر گھروں کو روانہ ہو جاتے ہیں۔