لاہور: (روزنامہ دنیا) پولیس نے وزیراعظم عمران خان کے بھانجے کے گھر ڈکیتی کے ملزموں سمیت قتل و ڈکیتی کی 2 وارداتوں میں ملوث 6 ڈاکو گرفتار کر کے مال مسروقہ برآمد کر لیا۔
پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں پریس کانفرنس کے دوران سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے بتایا کہ زمان پارک ڈکیتی میں ملوث تین ڈاکو 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کرکے مال مسروقہ برآمد کرلیا گیا ہے۔
وزیراعظم کے بھانجے شیر شاہ خان کے گھر سے 4 جنوری کو تین ڈاکو لگ بھگ 12 لاکھ مالیت کی نقدی، زیورات، موبائل فونز اور نوادرات جس میں ایک پستول شامل ہے، لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔ تینوں ڈاکو سی سی ٹی وی کیمروں سمیت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کئے گئے۔
2 ڈاکو محمود احمد اور کاظم جوکہ سگے بھائی ہیں، ان سے 100 فیصد مال مسروقہ برآمد جبکہ ان کی نشاندہی پر تیسرے ڈاکو فہد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، فہد شیر شاہ خان کے گھر کے قریب رہتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ کوٹ لکھپت میں 2 جنوری کو ملٹی نیشنل کمپنی کے دفتر میں ڈکیتی اور سکیورٹی گارڈ انعام گل کے قتل کے ملزموں حماد، حیدر اور راشد علی کو گرفتار کر کے مسروقہ مال برآمد کر لیا گیا ہے۔
سی سی پی او نے ملزم گرفتار کرنیوالی پولیس ٹیموں کیلئے نقد انعامات اور تعریفی اسنادکا اعلان کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ امریکا ایران کشیدگی کے تناظر میں لاہور میں امریکی اور ایرانی تنصیبات کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔