پنجاب پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگ گیا، دہشتگردوں، خطرناک اشتہاریوں کو پکڑنے میں ناکام

Last Updated On 03 February,2020 04:56 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگ گیا، کارکردگی رپورٹ منظر عام پر آ گئی، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 649 دہشتگرد، خطرناک اشتہاریوں کو پولیس پکڑنے میں ناکام ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کوسب اچھا کی رپورٹ پیش کی گئی تھی، رپورٹ منظر عام پر آ گئی ہے جس کے بعد پنجاب پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب پولیس 649 دہشت گرد، خطرناک اشتہاریوں کو پکڑنے میں ناکام ہو گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے بڑے دہشت گروں کے خلاف ایکشن لینے کا دعویٰ کیا تھا، پنجاب پولیس کی جانب سے اصل رپورٹ محکمہ داخلہ کو بھجوائی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے بنائی گئی خصوصی ٹیم ایکشن لینے میں ناکام رہی، حساس کیسز میں پولیس نامزد 92 ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔

رپورٹ کے مطابق پولیس دہشت گردی کے مقدمات میں 83 ڈکلیئر دہشت گرد گرفتار نہ کرسکی، پولیس کو 111ارب روپے کا بجٹ ملتا ہے اس بھاری بجٹ کے باوجود ادارے کی کارکردگی صفر ہے، اعلیٰ حکام کو سب اچھا کی رپورٹ دی جا رہی ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس اشتہاریوں، دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے بھر پور ایکشن کررہی ہے۔

محمکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس کو ایکشن لینے کے لیے اہم ٹاسک دیئے ہیں۔
 

Advertisement