اسلام آباد: سیکٹر آئی ایٹ میں اے ٹی ایم پر ڈکیتی، تفتیش پر 2 پولیس اہلکار معطل

Last Updated On 08 March,2020 02:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ میں اے ٹی ایم پر ڈکیتی اور پولیس اہلکار کے ملوث ہونے کے واقعہ کا مقدمہ درج ہو گیا۔ تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم تفتیش کی روشنی میں دو پولیس اہلکاروں کو معطل بھی کر دیا گیا۔

آئی ایٹ میں ڈکیتی کے واقعے کا تھانہ آئی نائن میں مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان اے ٹی ایم سے پیسے لیکر فرار ہوئے۔ پولیس پارٹی نے ملزمان کا تعاقب کیا جس پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔

ملزمان نے بھاگنے کے لیے گاڑی چھیننے کی کوشش کی، ڈاکووں کی فائرنگ سے دو شہری جاں بحق ہوئے تھے۔ ہلاک ہونے والا ایک ڈاکو اشرف وفاقی پولیس کا اہلکار تھا۔

دوسری طرف ائی جی اسلام آباد نے لائن آفیسر اور محرر سی ٹی ایف کو فوری طور پر معطل کر دیا جبکہ اے آئی جی جنرل ہارون جوئیہ کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی کی تشکیل دیدی گئی ہے۔

کمیٹی ممبران میں ایس پی سی ٹی ایف فاروق امجد بٹراورایس پی سپیشل برانچ لیاقت حیات نیازی شامل ہیں، انکوائری کمیٹی حقائق پر مبنی رپورٹ آئی جی اسلام آباد کو پیش کرے گی۔