ڈی پی اوز دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ملزمان کیخلاف کاروائیوں کی نگرانی کریں: آئی جی پنجاب

Last Updated On 25 March,2020 11:07 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کے احکامات پر پولیس نے ذخیرہ اندوزی اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کارروائیاں کی ہیں، ان کارروائیوں کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے 2454 مقدمات درج کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد صوبائی حکومت کی طرف سے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، متعدد شہریوں کی طرف سے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پنجاب پولیس نے بلاتاخیر کارروائیاں کیں، صوبہ بھر میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف 88 جبکہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے 2454مقدمات درج ہیں۔

دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 2454 مقدمات کا اندرج کرتے ہوئے 4890 افراد کو حراست میں لیا گیا، حراست میں لئے گئے افراد میں سے 89 کو وارننگ دے کر چھوڑا گیا۔ ذخیرہ اندوزی کے 88مقدمات درج کرتے ہوئے 86 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔

آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کا کہنا ہے کہ تمام ڈی پی اوز دفعہ 144 کے خلاف ورزی پر ملزمان کے خلاف کاروائیوں کی خود نگرانی کریں۔ فیلڈ ڈیوٹی پر متعین افسر و اہلکاروں کو فیس ماسک، ہینڈ سینیٹائزر سمیت دیگر حفاظتی سامان کی فراہمی میں کوئی کمی نہ آئے پائے۔
 

Advertisement