لاہور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر چائلڈ بیورو نے بھکاریوں کے خلاف آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پہلے مرحلے میں بھیک مانگنے والوں کو وارننگ دی جائے گی، اس کے بعد پولیس کے ساتھ مل کر بچوں کو تحویل میں لیا جائے گا۔ چائلڈ بیورو میں مقیم بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے فی الوقت بھکاری بچوں کو تحویل میں نہیں لیا گیا۔
خیرات صدقات کی آڑ میں گروہ کے گروہ گروپس کی شکل میں لوگوں کی گاڑیوں پر جھپٹتے ہیں۔ یہ لوگ کورونا پھیلانے کا سب سے بڑا سبب بن سکتے ہیں۔
اس خطرے کے پیش نظر چائلڈ بیورو نے بھکاری بچوں اور ان کے سرپرستوں کو وارننگ دینا شروع کر دی ہے۔ چیئرپرسن چائلڈ بیورو سارہ احمد کا کہنا ہے کہ چائلڈ بیورو متعدد کارروائیوں کے باوجود بھکاری مافیا کو کنٹرول نہیں کر سکا جبکہ موجودہ صورتحال میں بھیک سے بڑا چیلنج کورونا کے خلاف جنگ ہے۔