لاڑکانہ: (دنیا نیوز) لاڑکانہ میں صرافہ بازار کے دکانداروں نے لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دکانیں کھول لیں، پولیس کے ساتھ ہاتھا پائی کی اور سرکاری اسلحہ چھین لیے۔ پولیس نے انسداد دہشتگردی کے تحت مقدمہ درج کر کے 7 ملزمان گرفتار کر لئے۔
لاڑکانہ کی تحصیل رتوڈیرو میں صرافہ ایسوسی ایشن کی جانب سے لاک ڈاون پر عمل نہ کرتے ہوئے دکانیں کھول لی گئیں، پولیس دکانیں بند کروانے پہنچی تو دکاندارں کی جانب سے مزاحمت کی گئی۔ پولیس اور دکانداروں میں ہاتھا پائی بھی ہوئی جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، دکانداروں نے پولیس اہلکار سے سرکاری اسلحہ بھی چھینا اور ان پر شدید تشدد بھی کیا۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری صرافہ بازار پہنچ گئی، پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے تمام کھلی دکانیں بند کرواتے ہوئے7 دکانداروں کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا۔
پولیس نے سرکار کی مدعیت میں 14 نامزد اور 20 نامعلوم دکانداروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے سیکشن بھی شامل کئے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے جن کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔