لاہور: (دنیا نیوز) انسپکٹر جنرل(آئی جی) پنجاب شعیب دستگیر نے بھکاری مافیا اور نشئیوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کے احکامات دے دیئے۔
ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب نے سی سی پی او آفس لاہور میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران کیا۔
اجلاس کے دوران آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کا کہنا تھا کہ بھکاری مافیا اور نشئیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جائے۔ سی سی پی او لاہور سمیت صوبے کے تمام ریجنل اور ضلعی افسران کو کاروائی کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ٹیموں کے ساتھ مل کر پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کاروائیاں کی جائیں۔ بچوں سے بھیک منگوانے والے پیشہ ور بھکاری مرد و خواتین کے خلاف بطور خاص کاروائی کی جائے۔
آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ خود کو بے روزگار مزدور ظاہر کرنے والے نشئیوں کے خلاف کاروائی میں بھی تیزی لائی جائے۔ شاہرات پر شہریوں کیلئے پریشانی کا باعث بننے والے بھکاری اور نشئی مافیا کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
شعیب دستگیر کا مزید کہنا تھا کہ ایسے عناصر کے خلاف کاروائی کے حوالے سے رپورٹس سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں۔