لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر جراثیم کش سپرے کرنے والی خصوصی گاڑی 'دی مسٹ کوئین' میدان میں آگئی۔ جراثیم کش سپرے کے لئے گاڑی کی تیاری پر ایک لاکھ 75 ہزار روپے لاگت آئی ہے۔
محکمہ بلدیات پنجاب نے اپنے وسائل سے سپرے کیلئے خصوصی گاڑی تیار کی ہے۔ وزیر اعلی آفس میں دی مسٹ کوئین گاڑی کے ذریعے جراثیم کش سپرے کرنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ عثمان بزدار نے مقامی وسائل سے سپرے وہیکل تیار کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا دی مسٹ کوئین گاڑی کے ذریعے بڑی شاہراہوں اور مارکیٹوں میں جراثیم کش سپرے کیا جائے گا، لاہور کے پرہجوم علاقوں میں سپرے کے لئے 8 گاڑیاں تیار کی گئی ہیں، گاڑیاں مرحلہ وار صوبہ بھر کی 455 لوکل گورنمنٹس کو فراہم کی جائیں گی۔
عثمان بزدار نے مزید کہا لاہور میں ایل ڈبلیو ایم سی اور ریسکیو 1122 کے اشتراک سے سپرے کیا جا رہا ہے، کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے جراثیم کش سپرے سمیت دیگر اقدامات جاری رہیں گے، عوام کو کورونا جیسے عفریت سے بچانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کے لئے ہر ضروری ممکن اقدام کر رہے ہیں۔