اسلام آباد: نئے ناکے بیکار، کار چوری کی وارداتوں میں کئی گنا اضافہ

Last Updated On 08 July,2020 04:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں کار چوری کی وارداتوں میں کئی گنا ا ضافہ ہوگیا۔ وفاقی پولیس نے ٹیمیں تشکیل دیں، نئے ناکے لگائے گئے لیکن گاڑیوں کی چوری میں کوئی کمی نہیں آئی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں کار چوروں کا راج ہے، ہر روز شہری قیمتوں گاڑیوں سے محروم ہونے لگے، پولیس کے دعوے دھرے کے دھر ے رہ گئے۔

اعداد شمار کے اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے گزشتہ ایک ماہ کے دوران 30 سے زائد گاڑیاں چوری ہو چکی ہیں، سیف سٹی کے کیمرے کام آئے نہ خارجی راستوں پر لگائے گئے ناکے۔ اینٹی کار لفٹنگ سیل بھی گاڑیوں کی چوری روکنے میں ناکام رہا۔

دو روز قبل بھی تھانہ لوئی بھیر کی حدود سے ایک ہی گلی سے دو گاڑیاں چوری ہوئیں۔ فوری پولیس کو اطلاع دی گئی لیکن نتیجہ وہی گاڑیاں ایک بار پھر باآسانی شہرکے حدود سے نکل گئیں۔

اس صورتحال میں بھی وفاقی پولیس کا صرف اتنا کہناہے کہ خیبر پختونخوا پولیس کے ساتھ مل کر کار چوروں کے گینگز کو جلد پکڑلیں گے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی دار الحکومت سے ہر ہفتے 9 سے 10 گاڑیاں چوری ہو رہی ہیں اور چند ہی گھنٹوں بعد پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں پہنچا دی جاتی ہیں۔
 

Advertisement