پشاور: (دنیا نیوز) ایف آئی اے اینٹی کرپشن نے پشاور میں گردہ فروشی سیکنڈل میں نامزد اشتہاری اور مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزمان پشاور میں گردہ نکال کر فروخت کرتے تھے۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن کے مطابق مصدقہ اطلاع پر راولپنڈی میں کارروائی کی گئی جس کے دوران گردہ فروشی کے کاروبار میں ملوث گروہ کے مرکزی ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزم محمد شیخ امین پشاور میں گردہ فروشی کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث تھا اور اب تک اشتہاری تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق کیس میں اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ڈاکٹر اور 2 انستھیزیا ٹیکنیشن پہلے ہی گرفتار ہیں جبکہ ایک فرار ڈاکٹر کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ ملزمان پشاور کے علاقے ڈبگری میں ایک کلینک میں لوگوں کے گردے نکال کر فروخت کرنے میں ملوث تھے۔ ایف آئی اے کے مطابق گروہ بین الاقوامی سطح پر بھی گردہ فروشی کے کاروبار سے منسلک لوگوں سے رابطے رکھتا تھا۔