کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے انسداد دہشتگردی ونگ نے شہر قائد میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سلیپر سیل کا اہم رکن گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے کی بڑی کارروائی میں را کا سیلپر سیل کا اہم کارکن ظفر کو گرفتار کیا گیا جو بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے، گرفتار ملزم نے بھارت میں14 ماہ دہشت گردی کی ٹریننگ لی۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم ظفر کو دہلی میں محمود صدیقی گروپ نےعسکری تربیت دلوائی، ملزم ظفر کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے، گرفتار ملزم بم بنانے اور جدید ہتھیار چلانے کا ماہر ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم ظفر فائر بریگیڈ میں سرکاری ملازمت بھی کرتا تھا، را سلیپر سیل کو فنڈز فراہم کرنے والے منی ایکسچینج کمپنی کے دو ملزمان بھی گرفتار کر لیے گئے۔ ملزم صفیان منی ایکسچینج کمپنی کا ڈائریکٹر اور جاوید میمن منیجر ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حوالہ ہنڈی کے ذریعے ملک دشمن عناصر کو رقم فراہم کی جا رہی تھی،ایف آئی اے ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تفصیلات ملک کے تمام ایئرپورٹس پر فراہم کردی ہے۔ گرفتار ملزن سے اسلحہ لیپ ٹاپ اور موبائل فون بھی برآمد ہوئے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو سوک سینٹر، لیاقت آباد اور خالد بن ولید روڈ کے علاقوں سے گرفتار کیا گیا، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔