لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب ہائی وے پٹرول کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران شاہرات پرٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر350 مقدمات درج کئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی ہدایت پر شاہرات پر عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے پی ایچ پی کی بروقت کاروائیاں جاری ہیں۔
پنجاب ہائی وے پٹرول ہیڈ کوارٹر نے فورس کی ہفتہ وارکارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران شاہرات پرٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر350 مقدمات درج کئے گئے۔ 10اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غیر قانونی، سبز اور جعلی نمبر پلیٹ لگانے پر 92 افراد کے خلاف کاروائی کی گئی۔ ناجائز اسلحہ رکھنے اوراس کی نمائش پرقانون شکنوں کے خلاف66 مقدمات درج کئے گئے۔
منشیات کے جرائم میں 85مقدمات درج ہوئے، 2244 لیٹر شراب اور 13کلو 871گرام چرس برآمد کی گئی، ملزمان کے قبضے سے 6 رائفلز، 9 گنز، 50 پسٹلز، 29 کارتوس، 12 میگزین اور451 گولیاں برآمد کی گئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 8 گمشدہ بچوں کوانکے والدین سے ملوایا جبکہ 132 مسافروں کو دوران سفرمختلف مسائل کی صورت مدد فراہم کی۔ تجاوزات کیخلاف کاروائی کرتے ہوئے پٹرولنگ پولیس نے 93عارضی تجاوزات ختم کروائیں۔
ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کیپٹن (ر) ظفر اقبال کے مطابق شاہرات پر عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے افسران واہلکار ہائی الرٹ ہوکر فرائض سر انجام دیں۔ محفوظ شاہرات محفوظ عوام ویژن کے تحت شہریوں کی تحفظ اور بے لوث خدمت پی ایچ پی کا نصب العین ہے۔