لاہور: (دنیا نیوز) عید کے قریب آتے ہی منافع خوروں کے ساتھ ساتھ ملاوٹ مافیا بھی پوری طرح سے سرگرم ہو گیا، کولڈ ڈرنکس اور مٹھائیوں میں ملاوٹ کی شرح سب سے زیادہ ہو گئی۔ صرف ایک ہفتے کے دوران 8 ہزار لٹر سے زائد جعلی مشروبات اور بھاری مقدار میں ملاوٹ شدہ مٹھائیاں پکڑی جا چکی ہیں۔
عیدین پر منافع خوری کے ساتھ ساتھ مختلف اشیائے خورونوش میں ملاوٹ کی شکایات بھی بہت پرانی ہیں، اِس بار بھی عید کے قریب آتے ہی ملاوٹ مافیا پوری طرح سے سرگرم دکھائی دے رہا ہے۔ صورت حال کی خرابی کا اندازہ اِس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ شہریوں کے لیے نقلی اور اصلی کی پہچان کرنا ممکن ہی نہیں رہا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق عید کے موقع پر کولڈ ڈرنکس اور مٹھائیوں میں ملاوٹ کی شرح سب سے زیادہ ہے، صرف ایک ہفتے کے دوران لاہور میں 8 ہزار لٹر سے زائد جعلی کولڈ ڈرنکس پکڑے جا چکے ہیں تو پانچ سے چھ سو کلو زائد المیعاد اور ملاوٹ شدہ مٹھائیاں بھی تلف کی جا چکی ہیں۔