کراچی میں خاتون ڈاکٹر کی مبینہ خودکشی، پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا

Published On 21 August,2020 01:41 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے ڈیفنس میں خاتون ڈاکٹر کی مبینہ خودکشی کے معاملے پر پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا، واردات میں استعمال ہونے والے نائن ایم ایم پستول کے مالک کا تفتیشی حکام نے پتہ لگا لیا۔

کراچی میں گزشتہ دنوں خاتون ڈاکٹر ماہا کی مبینہ خودکشی کا معمہ حل نہ ہوسکا، واقعہ میں استعمال ہونے والا نائن ایم ایم پستول سعد نصیر نامی شخص کے نام رجسٹرڈ ہے، یہ پستول بیرون ملک سے بلوچستان آیا تھا جبکہ سعد نصیر نے 2010 میں بشیر خان ٹریڈنگ کمپنی سے خریدا تھا۔ سعد نصیر کون ہے اور ڈاکٹر ماہا کے ان سے روابط کے حوالے سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے، پولیس نے سعد کی تلاش شروع کردی ہے۔

گزشتہ دنوں خاتون ڈاکٹر کے قریبی دوست جنید کا بیان بھی پولیس نے قلمبند کیا تھا، پولیس کے مطابق جنید نے خودکشی میں استعمال ہونے والے اسلحے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔