مظفرآباد: منگیتر کو قتل کر کے دل کے دورے کا ڈرامہ رچانے والا نوجوان پکڑا گیا

Published On 21 August,2020 09:01 am

مظفرآباد: (دنیا نیوز) مظفرآباد پولیس نے نوجوان لڑکی کے لرزہ خیز قتل کا سراغ لگا لیا، قتل کے بعد ملزم دل کا دورہ پڑنے کا ڈرامہ رچا کر مقتولہ کو خود ہی ہسپتال بھی لے کر پہنچا تھا۔

مظفرآباد کے شیخ خلیفہ بن زید النہیان ہسپتال میں 3 ہفتے قبل مردہ حالت میں لائی گئی 20 سالہ لڑکی کی پر اسرار موت کی گتھی سلجھ گئی۔ لڑکی کے والد کی مدعیت میں درج مقدمے کی تفتیش کے دوران قتل کی لرزہ خیز واردات کا انکشاف ہوا۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق مقتولہ لڑکی کو گلہ دبا کر اور سانس روک کر قتل کیا گیا جبکہ قاتل کوئی اور نہیں لڑکی کا اپنا ہی منگیتر ہے جو خود اسے ہسپتال بھی لے کر پہنچا تھا۔ پولیس نے نوجوان سے تفتیش کی تو سچ سامنے آ گیا۔ قاتل اور مقتولہ دونوں کا 3 سال سے رشتہ طے تھا اور آئندہ ماہ ان کی شادی بھی ہونا تھی۔