مظفر آباد: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ دشمن پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، پاکستان کا ایٹمی طاقت ہونا خطے میں امن کی گارنٹی ہے، سفارتی سطح پر مودی کے ظلم و ستم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا ہوگا۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ذوالفقار بھٹو نے نیو کلیئر پروگرام کی بنیاد رکھی، نواز شریف نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، نواز شریف نے 5 ارب ڈالر کی پیشکش کو ٹھکرایا، نیوکلیئر دھماکوں کا کریڈٹ پوری قوم، افواج پاکستان کو جاتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو 72 سال سے لاک ڈاؤن میں رکھا ہے، مودی گجرات کے مسلمانوں کا قاتل ہے، مودی معصوم کشمیریوں کا قاتل ہے، 5 اگست کا واقعہ خطے میں عظیم سانحہ ہے، مودی نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر کے دکھا دیا وہ مسلمان دشمن ہے۔