کراچی: سموں گوٹھ میں خاتون کی ہلاکت، شوہر اور اسکے 2 بھائی گرفتار

Published On 23 September,2020 10:16 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے سموں گوٹھ میں خاتون کی ہلاکت کی تحقیقات میں پیشرفت پر شوہر اور اس کے دو بھائیوں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا، مقتولہ کے اہل خانہ نے خاوند پر اہلیہ کو ڈبو کر مارنے کا الزام لگایا۔

سموں گوٹھ سے 24 سالہ خاتون کی ڈوبی ہوئی لاش ملنے کی تحقیقات کے دوران پولیس نے خاتون کے شوہرکو دو دیوروں سمیت گرفتار کر لیا جبکہ واقعہ کا مقدمہ خاتون کے بھائی کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔

جاں بحق خاتون کے بھائی نے شوہر اور دیور پر قتل سمیت تشدد کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ واضح رہے کہ خواتین کے خلاف جرائم کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، تقریبا 2 ہفتے قبل لاہور سیالکوٹ موٹروے پر سفر کرنے والی خاتون کو 2 ڈاکووں نے جنسی زیادتی کا شکار بنایا تھا جس کا ایک ملزم تاحال مفرور ہے۔ جب تک حکومت ان جرائم کے خلاف عملی اقدامات نہیں اٹھاتی، ایسے جرائم روکے نہیں جا سکیں گے۔
 

Advertisement