کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے ضلع ساؤتھ کی انویسٹی گیشن پولیس کی ناقص کارکردگی سامنے آگئی۔ ایک ماہ میں چار ہائی پروفائل کیسز کے ملزمان فرار ہو گئے۔ پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔
کراچی ضلع ساؤتھ کی پولیس کو مبینہ طور پر رشوت ستانی کےالزامات کے ساتھ ناکامی کا سامنا ہے۔ ہائی پروفائل کیسز کے ملزمان کا حراست سے فرار اور پولیس کی ملزمان سے ملی بھگت نے کئی سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔
دس ستمبر کو عدالت میں پیشی کے دوران نجی ٹی وی اینکر کے قتل میں ملوث ملزم عادل زمان ضمانت منسوخ ہونے کے بعد فرار ہو گیا لیکن ساؤتھ انویسٹی گیشن پولیس تاحال گرفتار نہ کر سکی۔
اکیس ستمبر کو ڈاکٹر ماہا کیس میں گرفتار ملزمان جنید اور وقاص احاطہ عدالت سے فرار ہوا۔ ملزم جنید نے الزام لگایا کہ ساؤتھ انویسٹی گیشن کے افسر شرافت خان نے سہولت دینے کے لیے ایک لاکھ روپے رشوت وصول کی۔
بائیس ستمبر کو ڈیفنس میں سلویٰ نامی خاتون کے مبینہ اغوا اور زیادتی کا واقعہ پیش آیا۔ تفتیشی پولیس مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزمان کو گرفتار نہ کر سکی۔ ملزمان دو روز تک کراچی میں رہنے کے بعد جیکب آباد فرار ہو گئے تھے۔