راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کے علاقے حاجی چوک کے قریب دن دیہاڑے مسلح ڈکیتی کی واردات میں 4 نامعلوم افراد تاجر سے گن پوائنٹ پر 35 لاکھ روپے کی رقم اور 2 موبائل چھین کر فرار ہو گئے۔ مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے تاجر زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ صادق آباد کے علاقے حاجی چوک میں حبیب الرحمان اپنے بھائی سعید کے ہمراہ مکان فروخت کر کے رقم لے کر گھر آ رہا تھا کہ پہلے سے تاک میں موجود 2 موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح ملزمان نے انہیں اپنی گلی میں گھر کے نزدیک گن پوائنٹ پر روک لیا۔
مذکورہ بھائیوں کی جانب سے گاڑی بھگانے کی کوشش میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی جس سے ایک گولی گاڑی کا فرنٹ شیشہ توڑ کر حبیب الرحمان کو لگی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔
اس دوران ملزمان گاڑی میں موجود 35 لاکھ روپے کی رقم اور 2 موبائل لے کر فرار ہو گئے۔ زخمی شخص کو فوری طور پر بے نظیر بھٹو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔