ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں مختلف قبرستانوں کی زمینوں پر بااثر افراد نے قبضہ کر کے مکانات اور کمرشل دکانیں بنا لی ہیں جن کو خالی کرانے کیلئے محکمہ اوقاف کے حکام اور ضلعی انتظامیہ بھی ایکشن لینے کو تیار نہیں۔
ملتان میں محکمہ اوقاف کی چھہتر ایکڑ اراضی با اثر افراد کا قبضہ ہے اور موجودہ صورتحال میں قبضہ مافیا نے قبرستانوں کی زمینوں پر بھی قابض ہونا شروع کر دیا ہے جس سے مائی مہربان اور جلا ل باقری کے قبرستان کے اسی فیصد حصہ پر قبضہ مافیا نے اپنے مکانات کیساتھ دکانیں بھی بنا لی ہیں جبکہ پیر عمر، بی بی پاک دامن اورحسن پروانہ قبرستان کے بیشتر حصے پر بھی تجاوزات قائم ہو چکی ہیں جس کا شہریوں نے حکومت سے نوٹس لے کر قبضہ واگزار کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
محکمہ اوقاف کے حکام کی منطق ہے کہ قبرستانوں کی زمینوں پر قبضہ ان کی تعیناتی سے پہلے کا ہے لیکن اسکے باوجود مختلف محکموں کی مدد سے قبرستانوں سے پختہ تجاوازت کو ختم کرنے کیلئے کاوشیں کر رہے ہیں۔ محکمہ اوقاف کی ملی بھگت سے ہی قبضہ مافیا اربوں کی زمینوں پر قابض ہے اسی لیے محکمے کے حکام مافیا کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاون کرنے کے حوالے سے تا حال سنجیدہ نہیں۔
محکمہ اوقاف نے قبرستانوں کی زمینیں واگزار کرانے کیلئے تا حال کوئی حکمت عملی تیار نہیں کی جس کی وجہ سے شہر خاموشاں میں تجاوازت بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں۔