لاہور: (دنیا نیوز) شاہدرہ میں اڑھائی سالہ بچی کو اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا۔ واقعے کیخلاف لواحقین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے روڈ بلاک کرکے پولیس کیخلاف نعرہ بازی کی۔ جی ٹی روڈ پر تین گھنٹے ٹریفک جام رہی۔ چیئرمین پی ایچ اے یاسر گیلانی سے مذاکرات کےبعد لواحقین نے احتجاج ختم کر دیا۔
مظاہرین نے کہا بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا۔ پولیس نے مقدمہ تو درج کر لیا ہے لیکن تفتیش آگے نہیں بڑھ رہی۔ اڑھائی سالہ بچی 10 دسمبر کو گھر کے باہر کھیلتی ہوئی لاپتا ہوئی تھی۔
تھانہ شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے 11 دسمبر کو بچی کے اغوا کا مقدمہ درج کیا۔ 19 دسمبر کو برکت ٹاؤن شاہدرہ کی نہر سے بچی کی لاش برآمد ہوئی۔ احتجاج کے باعث مین جی ٹی روڈ سے 3 گھنٹے تک کوئی گاڑی نہ گزر سکی جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔
صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے شاہدرہ سے پی ٹی آئی کے رہنما اور چیئرمین پی ایچ اے یاسر گیلانی نے مظاہرین سے مذاکرات کئے۔ ملزموں کی گرفتاری کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہو گئے اور ٹریفک بحال ہوئی۔
دوسری جانب سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی فراز احمد سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔