سرکاری زمین پر قبضہ کرنے پر غلام دستگیر کیخلاف مقدمہ درج

Published On 18 December,2020 04:34 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) ن لیگی سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر کے والد غلام دستگیر پر سرکاری زمین پر قبضہ کرکے گلستان سینما بنانے پر اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج کرلیاگیا، مقدمہ ڈی سی گوجرانوالہ کے ریفرنس پر درج کیاگیا۔

اینٹی کرپشن میں سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر کے والد غلام دستگیر پر سرکاری زمین پر قبضہ کرکے گلستان سینما بنانے پر مقدمہ درج کرلیاگیا، ایم او پلاننگ طاہرگجر اور سابق بلڈنگ انسپکٹر سرفراز احمد کوبھی غلام دستگیر کی معاونت پر مقدمہ میں نامزد کیاگیا۔

مقدمہ ڈی سی گوجرانوالہ کے ریفرنس پر درج کیاگیا۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف نے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کو ملزمان کے خلاف قیمتی سرکاری زمین پر ناجائز قبضہ کرکے غیر قانونی سینما بنا کر سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے پر مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی تھی۔

ریفرنس کے متن میں کہاگیا ہے کہ دستگیر برادرز نے متعلقہ محکموں کے افسران کی ملی بھگت سے شہر کی پرائم لوکیشن پر قبضہ کر کے غیر قانونی طور پر گلستان سینما تعمیر کیا،ملزمان نے متعلقہ محکموں کی اجازت کے بغیر قیمتی سرکاری زمین پر قبضہ کرکے گلستان سینما بنایا۔

اینٹی کرپشن حکام کاکہناہے کہ پنجاب بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا،سرکاری خزانے کی ایک ایک پائی وصول کی جائے گی۔