لاڑکانہ: مقابلے کے دوران پولیس اہلکار شہید، ملزمان فرار

Published On 21 December,2020 04:41 pm

لاڑکانہ: (دنیا نیوز) سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں پولیس مقابلے کے دوران پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔

ایس ایس پی مسعود بنگش کے مطابق لاڑکانہ کے علاقے باقرانی میں پولیس مقابلہ ہوا، مقابلہ سید بچل شاہ درگاہ کے قریب ہوا ملزمان باقرانی سے ڈکیتی کرکے فرار ہو رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان کو روکنے والے پولیس اہلکار رفیق بروہی پر فائرنگ کی گئی۔ جس سے وہ موقع پر شہید ہو گئے، شہید اہلکار تھانہ باقرانی پر تعینات تھا۔ ملزمان فرار ہو گئے ہیں، گرفتاری کے لئے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔

مسعود بنگش کا کہنا تھا کہ شہید اہلکار نے جواں مردی سے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنائی. ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔