فیروز والہ: اوباش نوجوانوں کی شادی پر ہوائی فائرنگ، بچی جاں بحق، 2 خواتین زخمی

Published On 27 December,2020 09:43 pm

فیروز والہ: (دنیا نیوز) یہ افسوسناک واقعہ فیروز والہ کے نواحی علاقے وانڈالہ ناصر میں پیش آیا۔ ہوائی فائرنگ جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت ایمان فاطمہ کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق زخمی خواتین میں دولہے کی والدہ ماں نسیم بی بی اور ایک دوسری خاتون صائمہ بی بی شامل ہیں۔ زخمیوں کو علاج کیلئے لاہور کے میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ڈی پی او شیخوپورہ نے شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کا نوٹس کیتے ہوئے ملزمان کو فوری گرفتار کرکے کارروائی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیوٹی میں غلفت برتنے والے پولیس افسران کو بھی تحقیقات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

عینی شاہدین کے مطابق فیروز والہ کے نواحی علاقے میں دو باراتیں آئی ہوئی تھیں جس میں شریک اوباش نوجوانوں نے شراب پی رکھی تھی۔ اس موقع پر نشے میں دھت نوجوانون نے اندھا دھند ہوائی فائرنگ کا مقابلہ شروع کر دیا جس سے 10 سالہ بچی موقع پر جاں بحق ہو گئی جبکہ دیگر دو خواتین زخمی ہوئیں۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی لیکن دونوں دولہے اور باراتی موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے ملزموں کی تلاش کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔