کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے ضلع ملیر میں سال نو کے موقع پر فائرنگ کے واقعات کی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی گئی۔ سال نو اور خوشی کی دیگر تقریبات میں فائرنگ کرنے والے افراد کیخلاف اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات کا اندراج کیا جائیگا۔
کراچی کے ضلع ملیر میں ایس ایس پی عرفان بہادر کی ہدایت پر سال نو کے موقع پر فائرنگ کے واقعات کی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی گئی۔ سال نو اور خوشی کی دیگر تقریبات میں فائرنگ کرنے والے افراد کیخلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق فائرنگ میں ملوث افراد کیخلاف اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات کا اندراج کیا جائیگا جس کی سزا دس سال ہے اور یہ ایک ناقابل ضمانت جرم ہے۔ ضلع ملیر میں تعینات تمام ایس ایچ اوز کو خصوصی طور پر عوام کو اس مہم سے آگاہی کا ٹاسک دیا گیا ہے۔عوام کی آگاہی کیلئے پولیس کی موبائل سمیت دیگر مرکزی مقامات پر فائرنگ سے اجتناب اور اسکے نقصانات کے حوالے سے بینرز آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔