فیصل آباد: (دنیا نیوز) ملازمت چھوڑنے پر بااثر زمینداروں نے 25 سالہ نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، سر کے بال کاٹ کے جانوروں کے ساتھ باندھ دیا۔
یہ افسوسناک واقعہ تھانہ جھمرہ کے علاقے میں پیش آیا۔ محنت کش کو مار پیٹ کے بعد زنجیروں سے جکڑ کر جانوروں کے ساتھ باندھ دیا گیا۔ ویڈیو وائرل ہونے پر سی پی او فیصل آباد نے نوٹس لے لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے تشدد کرنے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تشدد کا نشانہ بننے والے نوجوان کو ہر قیمت میں انصاف فراہم کیا جائے۔
دریں اثنا پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے ایک نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔