کراچی: ڈکیتیوں کیلئے ماسیوں اور گھریلو ملازمین سے معلومات لینے کا انکشافات

Published On 31 January,2021 08:53 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں لوٹ مار کی سنگین وارداتوں کیلئے گھریلو ماسیاں‌اور ملازمین ڈاکووں کو معلومات فراہم کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں جس کے بعد ڈاکو واردات کی منصوبہ بندی کرتے ہیں.

شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم اور گھروں میں لوٹ مار کی وارداتیں ڈھکی چھپی نہیں، پولیس بھی ان وارداتوں کو سنگین ترین جرائم میں شمار کرتی ہے۔ شارع فیصل پولیس نے تیس سے زائد وارداتوں میں ملوث گینگ کو گرفتار کیا۔ ملزمان نے طریقہ واردات اور مواقع کے حوالے سے اہم انکشافات کیے۔ ایس پی گلشن کے مطابق ملزمان نے بتایا کہ بعض جگہ گھریلو ماسیوں اور ملازمین سے معلومات حاصل کی جاتی ہیں۔ اکثر وارداتوں میں ملزمان گھریلو ملازمین کے معمول کے کام کے دوران دروازہ کھلا دیکھ کر گھروں میں داخل ہوجاتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے جرائم میں اضافے کی بڑی وجہ بڑھتی بےروزگاری ہے۔


ایس پی گلشن کا کہنا تھا کہ شہری بچوں کے اسکول یا کوچنگ جاتے اور واپس آتے وقت دروازہ کھولنے سے قبل یقین کرلیں کہ باہر کوئی مشکوک یا غیر متعلقہ شخص تو نہیں۔

ایس پی گلشن کے مطابق وارداتوں کیلئے صبح سویرے کے اوقات اہم ہوتے ہیں، پوش علاقوں میں رہنے والے مشکوک افراد اور ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں یا پولیس کو اطلاع کریں، چند احتیاطوں سے بڑے نقصان سے بچا جاسکتا ہے۔