نئی دہلی: (ویب ڈیسک) ہندوستان کے شہر اندور میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک چھ سالہ بچی کے سامنے اس کی ماں کو قتل کر دیا گیا، نگرانی کیلئے لگے کیمرے نے سارا واقعہ ویڈیو میں محفوظ کر لیا۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم نے خاتون کو اس کی ننھی بیٹی کے سامنے تیز دھار آلے کے وار سے بے دردی سے قتل کیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے خاتون سے ملاقات کے بہانے فون کیا اور اسے قتل کرنے کے بعد مفرور ہوگیا۔
یہ سارا واقعہ وہاں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں وہاں پہنچیں لیکن خاتون ہلاک ہو چکی تھی۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم کی شناخت کر لی گئی ہے تاہم اس کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق قتل ہونے والی خاتون کا نام پریا اگروال اور عمر 26 سال تھی۔
قتل کا واقعہ ایک دکان میں نصب ایک سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا ، جیسے ہی خاتون پر حملہ ہوا ، خاتون لہولہان حالت میں دکان کی طرف دوڑی اور دکان کے سامنے گر گئی اور وہاں اس کی 6 سالہ بیٹی بھی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتونن اس نوجوان کو پہلے سے ہی جانتی تھی اور اس کے کہنے پر اس سے ملنے آئی تھی۔ ممکنہ طور پر اس ملاقات کے دوران دونوں میں کسی بات کو لے کر جھگڑا ہوا تھا اور اسی تنازعہ کی وجہ سے نوجوان نے تیز دھار آلے سے اس کا قتل کر دیا اور فرار ہوگیا۔ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس قتل میں تین افراد کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔