ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں بڑی گاڑی کے چھوٹا ڈرائیور چار روز بعد والد سمیت پولیس کے سامنے از خود پیش ہو گیا ، ٹریفک پولیس نے سخی دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف ایک ہزار روپے کا جرمانہ کر دیا ، بیٹا لا علمی میں گاڑی گھر سے لے گیا والد نے پولیس کو بیان حلفی جمع کرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق بوسن روڈ پر چار روز قبل پانچ سالہ بچے کی لگثری گاڑی چلانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو ٹریفک پولیس ملتان نے بچے اور گاڑی کے ساتھ اس کے مالک کی بھی تلاش شروع کر دی لیکن چار روز بعد اچانک بچہ والد کے ہمراہ سٹی ٹریفک پولیس افسر کے سامنے پیش ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں: 5سالہ بچے کی مصروف ترین شاہراہ پر لینڈ کروزر چلانے کی ویڈیو وائرل
پولیس متعدد شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے والے چھوٹے ڈرائیور اور والد کے خلاف کوئی کاروائی نہ کر سکی اور تین کروڑ کی گاڑی کے مالک کو لاپرواہی پر صرف ایک ہزار روپے کا جرمانہ کرکے گاڑی کو 15 ایم وی او کے تحت تھانے میں بند کر دیا۔
بچے فہد خان کے والد نے پولیس نے بیان حلفی جمع کرایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ واقع لا پرواہی کے باعث پیش آیا ، آئندہ ایسا واقع نہیں ہو گا۔