رحیم یار خان: (دنیا نیوز) رحیم یار خان میں زمینی تنازعہ پر دو برادریوں میں لڑائی علاقہ میدان جنگ بنا رہا، مخالفین نے پولیس کی موجودگی میں ایک دوسرے پر اینٹیں برسا دیں، پولیس بے بس لڑائی نہ رک سکی جھگڑے میں 10 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق زمینی تنازعہ پر ہونے والی لڑائی کا واقع تھانہ آباد پور کے علاقے پل گری میں پیش آیا ہے جہاں چاچڑ اور درگھ برادری کے درمیان زمین کے تنازعہ پر لڑائی ہوئی ہے جسکی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے۔
لڑائی میں مخالفین نے پولیس کی موجودگی میں ایک دوسرے پر اینٹیں برسا دیں جبکہ پولیس اہلکار لڑائی ختم کروانے کی کوشش کرتے رہے لیکن لڑائی جھگڑے سے علاقہ گھنٹوں تک میدان جنگ بنا رہا۔
جھگڑے کے دوران ایک دوسرے کی جانب سے اینٹوں کے پتھراؤ کی زد میں آ کر خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے ہیں جنکو شیخ زید ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
درگھ برادری کے افراد نے تھانہ آباد پور پولیس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پولیس نے بھاری رشوت لے کر زمین پر قبضہ کروانے کی کوشش کی جس پر اعلیٰ حکام سے نوٹس لے کر انصاف کی اپیل کی ہے۔