کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے ضلع وسطی اور غربی میں پولیس اور متعلقہ اداروں کی مبینہ ملی بھگت سے غیرقانونی کام عروج پر پہنچ گئے۔ نارتھ کراچی اور سرجانی میں فور کے چورنگی سمیت مختلف مقامات پر ریتی بجری مافیا نے قبضہ کر لیا، جگہ جگہ غیرقانونی اسٹاک پوائنٹ اور دیگر تجاوزات قائم کرکے عدالتی احکامات کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔
کراچی میں اندھیر نگری چوپٹ راج، پولیس اور متعلقہ اداروں کی ملی بھگت سے غیرقانونی کام عروج پر پہنچ گیا، نارتھ کراچی فور کے چورنگی تجاوزات کا گڑھ بن گئی۔ ٹھیلے، پتھاروں اور ریتی، بجری مافیا نے چورنگی کے چاروں اطراف قبضہ جما لیا۔
ضلع غربی کا علاقہ سرجانی بھی ریتی بجری مافیا کیلئے جنت بن گیا، جگہ جگہ اسٹاک پوائنٹس قائم کر کے غیرقانونی دھندہ دھڑلے سے کیا جارہا ہے،
کام کرنے والے کہتے ہیں سب ان سے بھتہ لیتے ہیں۔ سڑکوں پر کھڑے ریتی بحری کے ٹرک اور دیگر تجاوزات ٹریفک مسائل اور حادثات کا سبب بن رہےہیں، شہری اذیت ناک صورتحال کا شکار ہیں۔
فور کے چورنگی اور اس کے کے اطراف خواجہ اجمیر نگری، بلال کالونی اور سرجانی تھانے کی حدود میں غیرقانونی کام عروج پر ہیں۔ پولیس، ضلعی انتطامیہ، کے ڈی اے اور کے ایم سی سمیت کوئی ادارہ معاملے پر موقف دینے کو تیار نہیں۔